• news

یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں چائنا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی دسویں سالگرہ

لاہور (کامرس رپورٹر) چائنا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی دسویں سالگرہ کے موقع پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور میں لاہور میوزیم کے اشتراک سے گزشتہ روز ’’سٹار مون روڈ، چین پاکستان آرٹس ایکسچینج نمائش‘‘ کا آغاز ہو گیا۔ نمائش کی افتتاحی تقریب جامعہ کے مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز، ہلالِ امتیاز) نے کی جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم تھے۔ نمائش میں چین سے 16 اور پاکستان سے 2 معروف آرٹسٹ شرکت کر رہے ہیں، جن کے فن پاروں کی نمائش کی جائے گی۔ افتتاحی تقریب میں چینی ڈپٹی قونصل جنرل کاؤکی (Mr.Cao Ke)، پاکستان کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات، مختلف جامعات کے وائس چانسلر، دانش ور، شعبہ ثقافت و فنون سے متعلقہ ماہرین، جامعہ کے ڈائریکٹر/ پرنسپلز اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز، ہلالِ امتیاز) نے کہا کہ چین ہمارا وہ عظیم اور مخلص دوست ہے، جس نے ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا، ان ممالک کے عوام بھی ایک دوسرے سے دلی محبت رکھتے ہیں تو ایسے میں دونوں ممالک کے عوام کیلئے ایک دوسرے کے کلچر، فنون اور روایات سے آگاہی نہایت اہمیت کی حامل ہے اور آج کی نمائش کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن