عمران خطرے سے متعلق عدالت کو ثبوت دیں ورنہ منہ بند رکھیں : مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مکافات عمل کیا ہوتا ہے آج قوم کو نظر آ رہا ہے۔ دوسروں کی بیماری کا مذاق اڑانے والا آج وہیل چیئر پر بیٹھ کر عدالت نہ جانے کا بہانہ بنا رہا ہے۔ کلثوم نواز کی بیماری اور پھر موت، نواز شریف کی بیماری اور شہباز شریف کی کمر درد کا مذاق اڑانے والا آج وہیل چئیر پر بیٹھ کر جھوٹ بول رہا ہے۔ جمعرات کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو چیلنج کیا کہ انہیں جس جس سے خطرہ ہے عدالت جا کر ثبوت دیں ورنہ اپنا منہ بند رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ فارن ایجنٹ بہروپیا ہے جو حالات کے مطابق سکرپٹ اور حلیہ بنا لیتا ہے۔ گرفتاری کے ڈر سے وہ چارپائی کے نیچے اور ضمانت خارج ہونے کے ڈر سے وہیل چیئر کا ڈرامہ رچاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارن ایجنٹ کے پاﺅں پر دباﺅ نہیں، ان کے دماغ پر سازشی دباﺅ ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہیل چیئر پر بیٹھ کر الزام لگانے کی بجائے وہ عدالت جا کر ثبوت پیش کریں کہ ان کی جان کو کس کس سے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو خطرہ اب صرف فارن فنڈنگ، توشہ خانہ، ٹیریان کیس سے ہے۔ اس لئے گولی، پلستر، ڈبے، وہیل چیئر اور الیکشن کا بہانا بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جب بھی عدالت بلاتی ہے تو وہ گولی، پلستر، معذوری، بالٹی، ڈبہ کا بہانہ بناتے ہیں اور اب وہیل چیئر کا ڈرامہ رچا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب