• news

بلاول کی روسی ہم منصب سے ملاقات ، تعاون بڑھائیں گے ، لاروف : بھارتی وزیرخارجہ کیساتھ مصافحہ 

اسلام آباد+ گووا (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارتی شہر گووا پہنچ گئے۔ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔ وزارت خارجہ کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہے۔ پاکستان میں سابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ نے بلاول بھٹو کا گووا میں استقبال کیا۔ جے پی سنگھ اب بھارتی وزارت خارجہ میں پاکستان، افغانستان اور ایران چیپٹر کے نمائندہ خصوصی ہیں۔ قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کراچی سے خصوصی طیارے کے ذریعے بھارت روانہ ہوئے۔ بھارت نے بلاول بھٹو زرداری کے طیارے کے گووا جانے کیلئے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔ بلاول بھٹو 2 روز تک بھارت میں قیام کریں گے۔ بھارت روانگی سے قبل اپنے ویڈیو بیان میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرا گووا جانا ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔ بلاول بھٹو نے توقع ظاہر کی ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزراءخارجہ کی کونسل کا اجلاس کامیاب رہے گا۔ وزیر خارجہ نے جمعرات کو ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لئے گووا پہنچنے پر اپنے بیان میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت اور پاکستانی وفد کی قیادت کرنا میرے لئے خوشی کا باعث ہے۔ میں امید رکھتا ہوں کہ ایس سی او کے وزراءخارجہ کی کونسل کا اجلاس بہت ہی کامیاب رہے گا۔ بلاول بھٹو نے ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر بھارت کے شہر گووا میں روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاک روس تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ نے ملاقات میں فوڈ سکیورٹی اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔ ترجمان کے مطابق ملاقات میں عوام کی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ علاوہ ازیں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے وزرائے خارجہ کونسل کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے بھارتی ہم منصب جے شنکر نے مصافحہ کیا اور مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزراءخارجہ کونسل کے عشائیہ میں میڈیا کے نمائندوں کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ بھارتی میڈیا نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کو پاک بھارت تعلقات کی بحالی کی جانب مثبت قدم قرار دیا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج سے بھارت کے شہر گووا میں ہو رہا ہے جس میں پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شریک ہیں۔ بھارتی میڈیا میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے دورے کو نمایاں جگہ دی جارہی ہے اور بھارتی میڈیا نے بلاول بھٹو کی شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کو پاک بھارت تعلقات کی بحالی کی جانب مثبت قدم قرار دیا ہے۔ دوسری جانب بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا میزبان ملک تمام رکن ممالک کو دعوت دینے کا پابند ہے۔ ایک بیان میں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ یہ سرکاری پروٹوکول ہے۔ بلاول نے ٹوئٹر پر ویڈیو جاری کی جس کے کیپشن میں انہوں نے سلام فرام گووا، بھارت لکھا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیکرٹری جنرل ایس سی او ژیانگ منگ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنما¶ں نے تنظیم کی فعالیت سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ بلاول بھٹو نے ایس ای او چارٹر پر عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن