475 خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس 15 روز میں فنکشنل کئے جائیں : محسن نقوی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 475 خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس کو 15 روز میں ٹھیک کروا کر فنکشنل کیا جائے گا۔ بند واٹر فلٹریشن پلانٹس کا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت عامر میر کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب بھر میں بند 475 واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فوری طور پر مرمت کرا کر بحال کیا جائے تاکہ 40 لاکھ لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر آ سکے۔ بند واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی پر حکومتی خزانے سے ایک پائی بھی خرچ نہیں ہوگی بلکہ انہیں مخیر حضرات کے تعاون سے بحال کیا جائے گا اور ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی پرائیویٹ سیکٹر ہی اٹھائے گا۔ محسن نقوی نے کچا آپریشن کے دوران شہید کانسٹیبل غلام قاسم کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ کانسٹیبل غلام قاسم نے شرپسندوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 6 سکیورٹی اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے جانوں کی قربانی دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایاہے۔ شہداءکی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قوم شہداءکی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ محسن نقوی نے دریائے نیلم میں جیپ گرنے سے جاں بحق نوجوان غلام میراں اور لاپتہ نوجوانوں کے اہل خانہ سے چوک بابا اعظم اچھرہ میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ غلام میراں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں کی خصوصی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر بجھوائی جائے۔ لاپتہ نوجوانوں کی زندگی کے لئے دعا گو ہیں۔