چین اور افغانستان کے وزراءخارجہ آج پاکستان آئیں گے
اسلام آباد (نامہ نگار) چینی وزیر خارجہ چن گانگ پاک۔چین سٹرٹیجک مذاکرات میں شرکت کے لیے دو روزہ سرکاری دورے پر آج 5مئی کو پاکستان پہنچیں گے۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے یہ ان کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ پاک-چین سٹرٹیجک مذاکرات کے چوتھے دور کی صدارت وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے ہم منصب چن گانگ مشترکہ طور پر کریں گے، یہ میکانزم دو طرفہ اہم معاملات کا جائزہ لیتا ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ سٹرٹیجک مذاکرات کے دوران دونوں فریق پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک کوآپریٹو شراکت داری کی توثیق کریں گے۔ دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ پاکستان اور چین کے درمیان کثیر الجہتی تعاون کے لیے روڈ میپ تیار کرنے، علاقائی اور عالمی منظر نامے پر بھی تبادلہ خیال کریں۔ دوسری طرف قائم مقام افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی 5 سے 8 مئی تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وہ ایک اعلی سطحی وفد کی قیادت کریں گے جس میں افغانستان کے قائم مقام وزیر تجارت و صنعت حاجی نورالدین عزیزی کے علاوہ افغانستان کی خارجہ امور، ٹرانسپورٹ اور تجارت کی وزارتوں کے اعلی حکام شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق دو طرفہ ملاقاتوں کے علاوہ قائم مقام افغان وزیر خارجہ 6 مئی کو 5ویں چین-پاکستان-افغانستان سہ فریقی وزراءخارجہ مذاکرات میں بھی شرکت کریں گے۔ بیان کے مطابق افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ کے دورے کے دوران فریقین پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی، روابط، امن و سلامتی اور تعلیم کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا جائزہ لیں گے۔