روسی کمپنی یانگو کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش خوش آئند،چوہدری سالک
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین نے شہری علاقوں میں لوگوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے والی روسی کمپنی یانگو کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کرنے کے اقدام کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مزید بین الاقوامی کمپنیاں بھی پاکستان میں سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یانگو کمپنی کے نائب صدر اینٹون زیکوف کی سربراہی میں ایک وفد سے کیا۔ وفاقی وزیر نے زوم کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ، جبکہ وفاقی سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ جناب اسد رحمان گیلانی نے بی او آئی کے دفتر میں وفد سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کرنے پر روسی کمپنی کا شکریہ ادا کیا اور خواہش ظاہر کی کہ روسی کمپنی دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ حاصل کرے۔