مختلف مقدمات میں عمران کی حاضری معافی درخواست منظور‘ عبوری ضمانتوں میں توسیع
لاہور (خبر نگار) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پولیس تھانہ ریس کورس لاہور میں جلاؤ گھیراؤ، پولیس پر تشدد اور ظل شاہ قتل کیس کے تین مقدمات میں تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانتوں میں سولہ مئی تک توسیع کر دی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے کیس کی سماعت کی۔ جمعرات کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنی عبوری ضمانتوں کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ ان کی جانب سے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عمران خان کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے عمران خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانتوں میں 16 مئی تک توسیع کر دی۔ عدالت آئندہ سماعت پر عمران خان کی پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔