• news

پی ٹی آئی کو لاہور میںآج ریلی کی مشروط اجازت ‘ وفاقی پولیس نے انکار کر دیا


لاہور+اسلام آباد (نیٹ نیوز+اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کو آج زمان پارک سے لکشمی چوک تک ریلی نکالنے کی مشروط اجازت مل گئی، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے تحریک انصاف کو ریلی کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف شرائط پرعمل درآمد کے لیے پی ٹی آئی سے یقین دہانی حاصل کرنے اور حلف لینے کے بعد ریلی کی اجازت دی گئی ۔ اجازت نامے میں شامل شرائط میں کہا گیا ہے ریلی کی اجازت سہ پہر دو بجے سے شام ساڑھے سات بجے تک ہو گی، ریلی کی انتظامیہ پولیس کے ساتھ تعاون کرے گی اور سکیورٹی کی ذمہ دار ہو گی۔ اجازت نامے میں مزید کہا گیا ہے دوران ریلی عدلیہ اور اداروں کےخلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی، بہتر سکیورٹی کے لیے فوکل پرسن اور پی ٹی آئی ذمہ داران متعلقہ سکیورٹی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پی ٹی آئی ذمہ داران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کےساتھ مکمل تعاون کریں گے، ریلی کے دوران پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں پی ٹی آئی کی متعلقہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔ اجازت نامے میں شامل مزید شرائط میں کہا گیا ہے ساو¿نڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق قانون کی پاسداری کی جائے گی، پی ٹی آئی رضا کار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے نیز پی ٹی آئی ریلی کے باعث کسی بھی جگہ یا کاروباری مراکز کو بند کرنے اور نقصان پہنچانے کی اجازت ہر گز نہ ہوگی۔ ریلی میں کارکنوں کے ڈنڈے یا اسی طرح کی کوئی بھی شے لانے اور ریلی کے دوران کسی کے بھی جذبات و احساسات مجروح کرنے کی ممانعت کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق جلسہ گاہ اور اطراف میں کسی بھی قسم کے اسلحہ کے نمائش کی اجازت نہیں ہو گی، دوسرے اضلاع سے آنے والے شرکا لاہور انتظامیہ کی تمام شرائط پرعمل کریں گے اور ریلی کے روٹ پر کسی بھی طرح کی وال چیکنگ نہیں ہوگی۔اجازت نامے میں مزید کہا گیا ہے زبردستی کسی کو جلوس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔وفاقی پولیس نے ہفتہ کو تحریک انصاف کو ریلی نکالنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا پولیس ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے جلسے، جلوسوں اور ریلیاں نکالنے پر پابندی ہے اسلام آباد پولیس سے کسی ریلی کی اجازت نہیں لی گئی بغیر اجازت ریلیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی کل شہریوں کو رستوں کی بندش کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے شہری سفر کرنے سے پہلے رستوں کے متعلق معلومات حاصل کرلیںاسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس انتظامات کرے گی ترجمان پولیس نے کہا کہ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کے متعلق پکار 15 پر اطلاع دے کراپنا قومی فریضہ نبھائیں۔
ریلی / اجازت

ای پیپر-دی نیشن