ان کا بجٹ کے بعد بھی الیکشن کا پلان نہ عدالتی فیصلہ مانیں گے ،عمران
لاہور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ایک سال سے کہہ رہی آئی ایم ایف معاہدہ ہورہا ہے، اس لیے الیکشن نہیں کرا سکتے، ان کا بجٹ کے بعد بھی الیکشن کرانے کا پلان نہیں ہے۔ آئینی کی دھجیاں اڑانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، ہم عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ویڈیو لنک پر خطاب میں کہا ملک آج ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے، روز ہم سے ہمارے بنیادی حقوق چھینے جاتے ہیں، آج ملک میں طاقتور جو چاہے کرسکتا ہے، اس وقت اگر ہماری بچت ہوتی ہے تو ایک چیز رہ گئی اور وہ عدلیہ ہے۔ قتل کرنے کی کوشش کی گئی، ہم وہ لوگ ہیں جو ملک چھوڑ کر جانے والے نہیں، جن کی دولت باہر ہے وہ ملک چھوڑ کر چلے جاتے تھے، ہم نے اسی ملک میں آخری گیند تک لڑنا ہے۔ گھوڑے پر سوار ایک شخص نے حکومت ختم کرنے کا فیصلہ کیا، اس نے بند کمرے میں فیصلہ کیا کہ عمران خان خطرناک ہے، اس کو لگا کہ شہباز شریف بڑا ذہین ہے اس کو لائیں، جنرل (ر) باجوہ نے فیصلہ کیا کہ حکومت اب گرا دینی چاہیے، میں کہتا رہا کہ ان لوگوں کو میں 40 سال سے جانتا ہوں یہ نہیں سنبھال سکیں گے، جب سے یہ دو خاندان سیاست میں آئے ان کی دولت میں اضافہ ہوا، باجوہ کو سمجھایا بھی کہ یہ نہیں سنبھال سکیں گے حکومت نہ گرانا، الیکشن کمشنر نے بے ایمانی کی، کے پی میں فضل الرحمان کے لوگ بٹھا دیے، پنجاب میں یہ شہبازشریف کی نگران حکومت لےکر آئے، عدالت نے کہا تو ہم ان کے ساتھ مذاکرات میں بیٹھے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ انہوں نے واضح کردیا ہے کہ یہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانیں گے، انہوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں ماننا یہ بہانے کریں گے، یہ اکتوبر تک کا ملک چلانے کا پلان بتا دیں اس کے لیے بھی تیار ہوں، یہ انتظار کررہے ہیں کہ پی ٹی آئی کریش ہو اور پھر الیکشن کرائیں، قوم سے اپیل ہے کہ یہ ایک فیصلہ کن وقت ہے آپ کو نکلنا پڑے گا، ہم نے یہاں رہنا ہے اس لیے ملک کے لیے لڑنا ہے۔ ہماری لڑائی مافیا کیخلاف ہے۔ آج چیف جسٹس‘ سپریم کورٹ کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے لاہور‘ اسلام آباد، پنڈی‘ پشاور میں ریلیاں نکالیں اور ملک بھر میں مظاہرے ہونگے۔ عوام سڑکوں پر نکل کر حکومت کے ہینڈلرز کو اپنا پیغام ریکارڈ کرائیں گے۔ عمران خان سے علی زیدی نے ملاقات کی۔ سندھ کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ علی زیدی نے سندھ کی تنظیم کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ عمران خان نے علی زیدی کو انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔ عمران خان نے امیدواروں کو انتخابی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے سپریم کورٹ میں سماعت سے متعلق عمران خان کو آگاہ کیا۔ دونوں نے حکومت سے بات چیت میں ڈیڈلاک سے متعلق مشاورت کی۔ عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد میں ریلی سے متعلق ہدایات دیں۔