• news

عثمان بزدار کی حفاظتی ضمانت میں 8 مئی تک توسیع‘ اینٹی کرپشن پیشی‘ سوالنامہ دیا

لاہور (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلی عثمان بزدار کی حفاظتی ضمانت میں 8 مئی تک توسیع کر دی۔ عدالت نے نشاندہی کی کہ اس نوعیت کے معاملات لارجر بینچ میں زیر سماعت ہیں بہتر ہوگا کہ اس درخواست پر لارجر بینچ ہی سماعت کرے۔ عدالت نے کیس لارجر بینچ کو بھجوا دیا۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے عثمان بزدار کو مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی اور گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے سرکاری وکیل کی عثمان بزدار کو گرفتار نہ کرنے کا حکم واپس لینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ سمجھ نہیں آتی ہر کیس میں گرفتاری کیوں درکار ہوتی ہے؟۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پرویز الہٰی کے گھر پر جو کچھ ہوا اس کے بعد آپ کو آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں، پیر تک گرفتار نہیں ہوں گے تو کچھ فرق نہیں پڑتا، ان کا ویک اینڈ اچھا گزر جائے گا۔ عثمان بزدار اینٹی کرپشن ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے عثمان بزدار کو سوالنامہ دیا۔ عثمان بزدار نے جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت مانگ لی۔ عثمان بزدار پر ڈی جی خان میں سرکاری اراضی پر قبضے کا کیس ہے۔

ای پیپر-دی نیشن