• news

وافر مہنگی بجلی موجود‘ صارفین کے مفاد میں نہیں: خرم دستگیر

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگی بجلی وافر مقدار میں موجود ہے لیکن یہ صارفین کے مفاد میں نہیں ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ 15 ارب کی لاگت سے تھر، مٹیاری ٹرانسمیشن لائن ریکارڈ مدت میں مکمل کرلی ہے، منصوبے کی تکمیل سے تھر کے کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی کی ترسیل ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ بجٹ کی تیاری میں مصروف ہیں، امپورٹڈ کوئلے پر کوئی نیا پراجیکٹ نہیں لگائیں گے، تھرپارکر میں ایک حیران کن ترقی کی لہر ہے، موسم کی بہتری کی وجہ سے بجلی کے معاملات کنٹرول میں ہیں تاہم مئی، جون کے آخر میں بجلی کی ڈیمانڈ بڑھے گی۔ خرم دستگیر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پورے ملک میں ایک ہی دن الیکشن ہوں، اگر پنجاب میں وقت سے پہلے الیکشن ہوئے تو باقی انتخابات پر اثر پڑے گا، عام انتخابات اکتوبر میں ہوں گے، کوئی ادارہ آمنے سامنے نہیں کھڑا، آئین نے پارلیمان کو خود مختاری دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن