• news

بھارت‘ پاکستان میں دہشت گردی‘ فرقہ واریت سے انتشار پیدا کرنا چاہتا: عبدالخبیر آزاد

لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خیبر پی کے میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اساتذہ کرام اور افواج پاکستان کے جوانوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے،  حالیہ دنوں میں ضلع کرم میں ہونے والادہشت گردی کا واقعہ قابل مذمت ہے، دہشت گردوں نے سکول کے اساتذہ کرام کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا، حملے میں جاں بحق ہونے والوں اور شمالی وزیرستان میں وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و دفاع کیلئے دہشت گردوں سے مقابلے میں افواج پاکستان کے جوان شہید ہوئے۔ اللہ تعالیٰ ان کی شہادت کو قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ وطن دشمن طاقتیں خصوصاہمسایہ ملک بھارت پاکستان میں دہشت گردی، بدامنی، فرقہ واریت کے ذریعے انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے،ملک دشمن طاقتوں کا ناپاک ایجنڈہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے پاکستان کے تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قیام امن کیلئے قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور پیغام پاکستان کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن