کچہ آپریشن جاری‘ 51 ڈاکو گرفتار‘ 6 ہلاک‘ کئی ٹھکانے تباہ ہو چکے
لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی قیادت میں شروع ہونے والا کچہ گرینڈ آپریشن 27 ویں روز بھی ٹارگٹڈ کارروائیوں کے ساتھ جاری ہے۔ پنجاب پولیس نے کچہ آپریشن میں اب تک 51 ڈاکو گرفتار، 6 ہلاک جبکہ5 نے سرنڈر کرلیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان آپریشنل ایریا میں فرنٹ لائن پر ہراول دستوں کے ہمراہ موجودہیں۔ پولیس دستوں نے 20 لاکھ ہیڈ منی کے مجرم عطاء اللہ پٹ کی کمین گاہ کو مسمار کر کے کچہ عمرانی کے اہم ترین حصوں کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ شدید مزاحمت اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد 20 لاکھ ہیڈ منی کا ڈاکو موج علی، 8 لاکھ ہیڈ منی کا ڈاکو سبز علی، بدنام زمانہ کچہ کریمینل وقاری قیصرانی کی کمین گاہیں بھی تباہ کر دی گئیں جبکہ ڈاکوؤں کی کمین گاہوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و ایمونیشن برآمد کر کے کمین گاہوں کو مکمل تباہ کر دیا گیا۔ علاقہ سے اغوا برائے تاوان، راہزنی، ڈکیتی، اسلحہ سمگلنگ، قتل اور اقدام قتل میں ملوث پٹ گینگ اور عمرانی گینگ کے منظم نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا اور عطاء اللہ پٹ کے مسکن اور بستی چانڈیہ، بستی قیصرانی اور بستی پٹ پر 4 نئی پولیس پکٹس قائم کر کے حکومت و ریاست کی رٹ قائم کر دی گئی ہے۔ کچہ کے علاقے سے مجرمان کے قلع قمع تک آپریشن جاری رہے گا۔