اسلام آباد ہائیکورٹ نے میانوالی کی نشست پر ضمنی الیکشن روکنے کے حکم میں توسیع کردی
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی نا اہلی اور ڈی سیٹ کرنے کے خلاف کیس میں عمران خان کی درخواست واپس لینے کی متفرق درخواست میں وکیل الیکشن کمیشن خالد اسحاق کی التوا کی درخواست منظورکرتے ہوئے میانوالی کی نشست پر ضمنی الیکشن روکنے کے حکم میں توسیع کردی۔گذشتہ روزسماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے،چیف جسٹس نے کہاکہ ویسے ایک سیکنڈ کا کیس ہے لیکن پتہ نہیں کیوں اس میں دیر ہو رہی ہے، بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ اصل ایشو یہ ہے کہ یہ درخواست واپس لینے کی متفرق درخواست ہے،لاہور ہائی کورٹ میں کیس فل بینچ کے سامنے زیر سماعت ہے، چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ لاہور ہائیکورٹ میں آپکا کیس کب لگا ہوا یے،جس پر بیرسٹر علی ظفر نے بتایاکہ ہمارا کیس لاہور میں 19 مئی کو شائدلگا ہوا ہے،مسلسل کیسز لگے ہوئے ہیں میں نے چھٹی پر بھی جانا ہے، چیف جسٹس نے کہاکہ خالد اسحاق صاحب کی طرف سے،آج التوا کی درخواست آئی ہے،اس کیس کو ہم پھر پیر کو رکھ لیتے ہیں،بیرسٹر علی ظفرنے کہاکہ پیر کو مشکل ہوجاتا ہے لاہور جانا ہوتا یے،چیف جسٹس نے کہاکہ ویسے لاہور والوں کے لیے پیر کا دن واقعی مشکل ہوتا ہے،عدالت نے الیکشن کمیشن اور بیرسٹر علی ظفر کی استدعا پرسماعت جمعرات 11 مئی تک کیلئے ملتوی کردی۔واضع رہے کہ۔توشہ خانہ کیس میں نا اہلی کے فیصلے کو عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کر رکھا ہے،عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایسی ہی دائر درخواست واپس لینے کے لیے رجوع کر رکھا ہے۔