• news

شہبازشریف عدالتوں پر اعتراض کی بجائے بھائی کو لندن سے لاکر پیش کریں: پرویز الٰہی

لاہور ( نوائے وقت رپورٹ) پرویزالٰہی سے صدر گوجرانوالہ بار انتخاب عالم ورک، سینئر وکلا جہانگیر ہرل، عابد ہرل، صفدر بوسال، عاصم چیمہ نے ملاقات کی۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ شہبازشریف لندن جا کر اعتراض کرتے ہیں کہ عدالتیں روز ضمانتیں دے دیتی ہیں لیکن وہ یہ بتائیں کہ ان کے اپنے بھائی صاحب جو ضمانت پر پانچ سال پہلے لندن گئے تھے وہ کیوں واپس نہیں آ رہے جبکہ ان موصوف کی ضمانت بھی شہبازشریف نے خود دی تھی، امید ہے کہ اس مرتبہ شہبازشریف ان کو واپس لا کر عدلیہ کے سامنے پیش کریں گے، شہبازشریف نے معزز عدلیہ کو گالیاں دینے کیلئے خواجہ آصف کو آگے لگایا ہوا ہے، رانا ثناء اللہ ماڈل ٹائون میں حاملہ عورتوں، بچیوں اور بزرگوں پر گولیاں چلانے کا جواب دیں۔ عمران  نے سپریم کورٹ اور چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے اظہار یکجہتی کیلئے آج  کال دی ہے، آپ دیکھیں گے کہ عوام عمران خان کا بھرپور ساتھ دیں گے اور ن لیگ والے منہ چھپاتے پھریں گے۔  عمران خان پی ڈی ایم کے سب سیاستدانوں سے بڑے ہیں، تحریک انصاف اکیلی ان تیرہ جماعتوں پر حاوی ہے، عمران خان نے پاکستان کی ترقی اور سلامتی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے لیکن جب پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہونے لگا تو پی ڈی ایم ٹولے نے مل کر عمران خان کی حکومت گرا دی اور پاکستان کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا، عمران خان کی سیاست پی ڈی ایم کی طرح نہیں اور نہ ہی ان کی طرح عوام کو دھوکا دینا آتا ہے۔ پنجاب میں نگران حکومت ختم ہو چکی اب محسن نقوی اور ان کے چمچے غیر قانونی طور پر پنجاب پر قابض ہیں، عدلیہ میں نگران حکومت کے خلاف درخواستیں جمع ہیں، انشاء اللہ جلد فیصلہ ہو جائے گا، سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن