پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر آپریشن‘ کارروائی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت کے باوجود سابق وزیر اعلی پرویز الہی کی رہائش گاہ پر پولیس آپریشن کے اقدام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر ڈی جی اینٹی کرپشن اور دیگر افسروں کے خلاف کارروائی کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے پرویز الٰہی کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ چوہدری پرویزالہی کے وکیل اشتیاق اے خان اور عامر سعید راں نے عدالت کو بتایا کہ یہ جب گھر آئے توعدالتی احکامات ان کو دکھائے، یہ عدالتی احکامات کو ماننے سے مسلسل انکاری تھے جوکہ توہین عدالت ہے۔ دوران سماعت عدالت نے ڈی جی اینٹی کرپشن اور دیگر افسروں کے تحریری معافی نامہ کو مسترد کردیا۔ اینٹی کرپشن افسران نے کہا کہ عدالتی حکم پر عوامی سطح پر معافی مانگ چکے۔ عدالت شوکاز نوٹس ختم کرے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے یہ تو آپ نے خود اپنے احساس پر اپناطرز عمل ظاہر کرنا تھا۔ عدالت نے تو عوامی سطح پر معافی کا کوئی حکم نہیں دیا تھا۔