• news

نگران وزیر بلدیات کی ضلع کرم میں اساتذہ پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت

لاہور( نیوز رپورٹر) نگران وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم مراد نے ضلع کرم میں اساتذہ پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جاں بحق اساتذہ علم کی روشنی پھیلاتے تھے، اس لئے وہ شہید ہیں۔ دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ آخری فتح امن کی ہو گی۔ نگران وزیر بلدیات نے شہید اساتذہ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہارکیا اور شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ دریں اثناءابراہیم مراد نے ریہڑی بانوں اور خوانچہ فروشوں کے کاروبار کی ترقی کے منصوبے کااعلان کیا ہے اوران کی رجسٹریشن اور انہیں سالانہ بنیادوں پر لائسنس جاری کرنے کیلئے قابل عمل تجاویز تیارکرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ آفس کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کی سربراہ ڈاکٹر نویرا نے گزشتہ روز نگراں وزیر بلدیات سے ملاقات کی۔ ابراہیم مراد نے ہدایت کی کہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح مخصوص علاقوں میں جدید ڈیزائن کی ریہڑیاں لگوانے کا جائزہ لیا جائے۔ ان ریہڑیوں پر کھانے پینے کی چیزیں اور دیگر ضروری اشیاءفروخت کی جا سکیں گی۔ رجسٹریشن اور نمبر پلیٹ لگانے سے ریہڑی بانوں کی عزت افزائی اور ان میں احساس تحفظ پیدا ہوگا۔ ریہڑیوں کی رجسٹریشن سے مالکان کو مختلف سرکاری اہلکاروں کی بھتہ خوری اور بلیک میلنگ سے نجات ملے گی۔ ریہڑی بانوں کی طرف سے بھتے کی بجائے سالانہ معمولی سرکاری فیس ادا کرنے سے سرکاری خزانے کو بھی فائدہ ہو گا۔ ان ریہڑیوں کیلئے جگہیں مختص کرنے سے ٹریفک کے بہاو¿ میں بھی بہتری آئے گی۔ پلان کی کامیابی کی صورت میں نئی ریہڑیاں بھی لگائی جائیں گی جس سے لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن