اسلامی نظام ہی معاشرے میں مساوات قائم کر سکتا ہے:عبدالقدیر اعوان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ جب بھی معاشرے میں قانون مخلوق بنائے گی۔ خالق کا بنایا ہوا قانون نافذ نہیں ہوگا۔ معاشرے میں انصاف نہیں بلکہ ظلم ہوگا۔اسلام میں انسانی حقوق مومن اور کافر کیلئے برابر ہیں۔صرف اسلامی نظام ہی معاشرے میں مساوات قائم کر سکتا ہے۔معاشرے میں تخریب کاری تب ہوتی ہے جب ہم اپنی عقل و دانش سے دینی حکم کا اطلاق کرتے ہیں۔ ملک و قوم کی تعمیرکیلئے وہ قوت نافذہ درکار ہے جو بغیر کسی تفریق کے قانون پر عمل درآمد کرائے۔ انہوں نے کہا جب اللہ کا قانون نافذ ہوگا پھر مومن اور کافر دونوں کو یکساں انصاف ملے گا۔ بندہ مومن کا ہر عمل معاشرے کیلئے معاون و مدد گار ہوتا ہے۔ آج ہمیں یورپ اور امریکہ کے قوانین کی مثال دی جاتی ہے کہ بہت اعلیٰ ہیں اوران کے حالات ہم سے بہت بہتر ہیں۔ ہماری بے عملی کی وجہ سے ہمارے حالات بد تر ہوئے ہیں ہم اپنے قوانین سے انحراف کرتے ہیں ان کا احترام نہیں کرتے جس کے پاس طاقت ہے وہ قوانین سے انحراف کرنا اپنا حق سمجھتا ہے۔ہم اپنی اپنی پسند کا اسلام دیکھنا چاہتے ہیں۔