پھیلتی سیاسی، مذہبی بے چینی ،دہشتگردی کافوری تدارک کرناہوگا:سردار طاہر ڈوگر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شاداب رضا نقشبندی،جنرل سیکرٹر ی وسطی پنجاب سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہا ہے کہ ملک میں پھیلتی ہوئی سیاسی، مذہبی بے چینی اور شدت پسندی ،دہشت گردی کافوری تدارک کرناہوگا۔ ملک بھر میں سر اٹھاتی ہوئی دہشت گردی انتہا پسندی اور مذہبی فرقہ واریت کو فوری طور پر لگام ڈالنے کیلئے حکومت کو موثر کارروائی اور اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ تحفظ ناموس رسالت و تحفظ ناموس اصحاب رسول پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف مذہبی انتہا پسندی کا فوری نوٹس لیں۔مقدس ہستیوں،شعائر اسلام کی توہین کے جرم میں انجینئر محمد علی مرزاکو فوری گرفتار کرکے قرار واقع سزا دلوانا ہوگی۔ فیصل آباد، گجرات، جہلم سمیت ملک بھر میں ہونے والے توہین رسالت کے واقعات میں آئین اور قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ وزیر ستان اورپارہ چنارمیں دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ کرم دہشت گردی کا واقعہ تعلیم اور پاکستان کے مستقبل پر کھلا حملہ اور دہشت گردی ہے وزیرستان اور پارہ چنار سمیت ملک کے چپے چپے کو محفوظ اور مستحکم بنانا ہوگا۔