• news

چیف جسٹس کو گھر بھیجنے کی دھمکیاں دینے والے اس بار خود جائیں گے: پرویز الٰہی 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پرویزالٰہی سے سابق صوبائی وزراءمیاں محمود الرشید، چودھری محمد اکرم، عامر سلطان چیمہ، چودھری گلزار، محمد چودھری مقصود، سلہریا لیاقت بھدر، منظور وڑائچ ایڈووکیٹ اور دیگر رہنما¶ں نے ملاقات کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ مذاکرات کی کہانی ختم ہو چکی ہے۔ اب سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد ہو گا۔کوئی چیف جسٹس کو گھر بھیجنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ چیف جسٹس کو گھر بھیجنے کی دھمکیاں دینے والے اس بار خود گھر جائیں گے۔ پوری قوم چیف جسٹس عمر عطاءبندیال کے ساتھ کھڑی ہے، وہ قوم کے ہیرو بن چکے ہیں۔ چیف جسٹس نے آئین پاکستان اور اپنے حلف کی پاسداری کا حق ادا کر دیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پہلی مرتبہ پوری دنیا میں پاکستانی عدلیہ کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ پرویز الٰہی نے عمران خان کی کال پر سپریم کورٹ اور چیف جسٹس عمر عطاءبندیال سے اظہار یکجہتی کیلئے آنے والے کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ ہم عمران خان اور پوری قوم چیف جسٹس عمر عطاءبندیال اور سپریم کورٹ کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ عدلیہ کے خلاف سازشیں کرنے والے کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ آج پوری قوم کو اکٹھا کرنے کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔ محسن نقوی سے کہتا ہوں تم محسن نقوی بنو، جام صادق نہ بنو، میرے گھر پر حملے کی مثال پورے پاکستان میں نہیں ملتی۔ کچے کے علاقے میں جو آپریشن ہو رہا تھا وہاں سے بکتر بند گاڑی منگوا کر میرے گھر پر حملہ کیا گیا۔
 پرویز الٰہی 

ای پیپر-دی نیشن