پنجاب میں الیکشن کرانا سازش ، ثاقب نثار بطور پی ٹی آئی سیاسی ایجنٹ کام کرتے رہے : وزیراعظم
لندن‘ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ چیف جسٹس (ر) ثاقب نثار نے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر نواز شریف کو نااہل کیا‘ ثاقب نثار پی ٹی آئی کے ایجنٹ کے طور پر کام کرتے رہے۔ ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک کے بعد کوئی شک نہیں رہ گیا۔ ثاقب نثار نے عوامی مفاد کے کسی کیس پر سوموٹو نہیں لیا، اس کا ایک ہی مقصد تھا نواز شیریف کو ہرانا اور عمران خان کو کامیاب کرنا‘ ثاقب نثار نے نواز شریف کو نااہل کرنے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔ آڈیو لیکس نے اب تمام کرداروں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ثاقب نثار دن رات سوموٹو کا اختیار استعمال کرتے تھے۔ پارلیمنٹ اپنے دائرے میں رہ کر اپنا حق منوائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پورے ملک میں انتخابات ایک دن ہوں گے اور ایک ہی دن ہونا چاہئیں۔ صرف پنجاب میں الیکشن کرا کر پاکستان کے خلاف سازش کی جا رہی ہے اگر اس سازش کو ختم کرنا ہے تو ملک میں ایک ہی دن الیکشن ہونا چاہئیں۔ پنجاب سے متعلق ماضی میں جو غلط تاثر قائم کیا جا رہا تھا وہ زائل ہو گیا ہے۔ پنجاب بڑا بھائی نہیں چاروں صوبے برابر ہیں۔ ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو کا معاملہ پارلیمنٹ نے اٹھایا ہے۔ ثاقب نثار کے بیٹے کو پارلیمان کی کمیٹی نے طلب کر لیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ثاقب نثار پی ٹی آئی کے سیاسی ایجنٹ کے طور پر کام کرتے رہے، آڈیو لیکس نے اب تمام کرداروں کو بے نقاب کردیا۔ لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں عدلیہ اور حکومت کے درمیان کشیدگی سمیت سیاسی و معاشی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ نواز شریف سے ملنے کےلیے وزیراعظم شہباز شریف میٹ پولیس کے مکمل پروٹوکول میں حسن نواز کے دفتر پہنچے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ اپنے دائرے میں رہ کر اپنا حق منوائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار نے نواز شریف کو نااہل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، ثاقب نثار نے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر نواز شریف کو نااہل کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ثاقب نثار دن رات سوموٹو کا اختیار استعمال کرتے رہے، ثاقب نثار نے عوامی مفاد کے کسی کیس پر سوموٹو نہیں لیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ثاقب نثار کا ایک ہی مقصد تھا نواز شریف کو ہرانا اور عمران خان کو کامیاب کرنا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ثاقب نثار پی ٹی آئی کے سیاسی ایجنٹ کے طور پر کام کرتے رہے، آڈیو لیکس نے اب تمام کرداروں کو بے نقاب کر دیا۔ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں پارٹی کیلئے روڈ میپ دے دیا۔ ملاقات کی اندرونی کہانی کے مطابق نواز شریف نے انتخابات کیلئے پارٹی کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ دونوں نے اتفاق کیا کہ پارلیمنٹ کی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ نواز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ بجٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔ معاشی صورتحال کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ نواز شریف نے مسلم لیگ ن کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ کارکنوں کو عزت دی جائے۔ وزراءکو کارکنوں نے رابطوں کی ہدایت کی۔ ملاقات میں نواز شریف کی وطن واپسی اور مقدمات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ حکومت کے لیے بین الریاستی تعلقات سمیت ہر چیز کھلونا تھی، پی ٹی آئی کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی شرکت کو متنازعہ بنانے کی کوششیں تکلیف دہ ہیں تاہم اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں ہونی چاہئے، جب وہ اقتدار میں تھے تو انہوں نے تب بھی یہی کیا۔ بھارت کے شہر گوا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پاکستان کی شرکت پر پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے تنازعہ پیدا کرنے کی کوشش پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ انتہائی پریشان کن ہے کہ پی ٹی آئی نے کس طرح پاکستان کی اس کانفرنس میں شرکت پر تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ حیرت کی بات نہیں ہونی چاہئے کیونکہ عمران نیازی کو ماضی میں بھی ملک کی اہم خارجہ پالیسی کے مفادات کو نقصان پہنچانے میں کوئی عار نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ اقتدار میں تھے تو انہوں نے اس وقت یہی کیا، پی ٹی آئی کے لیے، بین الریاستی تعلقات سمیت ہر چیز ایک کھیل کی چیز ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کی جانب سے کووِڈ گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی کے خاتمے کا اعلان ایک بڑی خبر ہے۔ ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ کوویڈ 19 جیسی خطرناک وبا جس نے لاکھوں قیمتی جانیں لے لیں اور دنیا کو ٹھپ کر کے رکھ دیا وہ تین سالوں میں ختم ہو گیا،سائنسدانوں، ڈاکٹروں، صحت کے پیشہ ور افراد اور دیگر کی شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انسانیت نے اجتماعی کوششوں سے ایک مہلک دشمن کے خلاف فتح حاصل کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے دولت مشترکہ کے سربراہان کے اجلاس میں اپنے خطاب میں اپنے یوتھ پروگرام کی تفصیلات سے اگاہ کیا،جس میں “فور ایز” پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہاکہ تعلیم، روزگار،بات چیت اور ماحولیات پر یوتھ پروگرام میں خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس پروگرام کے تحت خواتین اور اقلیتی برادری کو قرض سکیم میں خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی رسم کے موقع پر عالمی رہنماو¿ں سے ملاقاتیں کیں۔.وزیراعظم ہاو¿س کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے برطانوی بادشاہ اور وزیراعظم رشی سنگ سے ملاقات میں تاج پوشی کی تقریب میں شاندار انتظامات پر دونوں شخصیات کو مبارک باد پیش کی۔ برطانوی بادشاہ اور وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا جبکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعرف بھی کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تاج پوشی کی تقریب کے موقع پر دولت مشترکہ تنظیم کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ سے ملاقات کی۔ دونوں قائدین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے دولت مشترکہ کے مقاصد کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح کے درمیان ملاقات ہوئی، دونوں راہنماو¿ں نے دوطرفہ اور علاقائی سطح پر تعاون کے امور پر بات چیت کی.شہباز شریف اور زیمبیا کے صدر ہیکیندی ہیچیلما کی ملاقات ہوئی۔ دونوں راہنماو¿ں نے تجارت، معاشی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے اور وسیع کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ماریشیس کے صدر پرتھوی راج سنگھ روپن نے بھی ملاقات کی۔ دونوں قائدین کا مستقبل میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے نے ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماو¿ں نے دوطرفہ اور علاقائی تعاون کے حوالے سے جائزہ لیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکا کے عوام اور حکومت کے لئے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا اور سری لنکا کے عوام کے لئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ تقریب میں مالٹا کے صدر جارج ولیم ویلا اور ان کی اہلیہ ویلا اور برازیل جے صدر لویزاناکیو نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
وزیراعظم ملاقاتیں