لبریشن فرنٹ کا جی 20 ممالک کے سربراہوں کو خط، بھارتی اقدام پر تشویش
راولپنڈی (این این آئی) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے مرکزی ترجمان اور نظر بند پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک کے خصوصی نمائندے محمد رفیق ڈار نے گروپ 20 کے سربراہان کو ایک تفصیلی خط ارسال کیا ہے جس میں انہیں متنازعہ جموں و کشمیر میں 22 اور 23 مئی کو ہونے والی کانفرنس پیچھے کارفرما مذموم بھارتی مقاصد اور اس حوالے سے کشمیریوںکی تشویش سے آگاہ کیا گیا۔ رکن ممالک کے سربراہان کے نام خط میڈیا کو جاری کیا۔ اس موقع پر محمد رفیق ڈار کے علاوہ پارٹی کے نائب چیئرمین سلیم ہارون، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل جاوید حنیف، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے زونل صدر ساجد صدیقی، مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر سردار ایم انور خان اور جموں و کشمیر سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ (جے کے ایس ایل ایف) کے چیئرمین عبید شبیر سمیت دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ رفیق ڈار نے کہا بھارت متنازعہ خطے میں اس کانفرنس کا انعقاد کر کے عالمی برادری کو گمراہ کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وادی کو چھاؤنی بنا ڈالا۔ کشمیری عوام حق پر مبنی اپنی جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ مقبوضہ علاقے کے لوگوں سے 22 اور 23 مئی کو مکمل ہڑتال کرنے اور آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان میں لوگوں سے احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے۔