پاک افغان مذاکرات‘ دوطرفہ تجارت آسان بنانے‘ معاشی تعاون بڑھانے کا عزم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے اپنے افغان ہم منصب حاجی نورالدین عزیزی کے ہمراہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ تجارت کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ میٹنگ میں تجارت، کسٹمز، ٹرانسپورٹ اور فنانس کی وزارتوں کے سینئر حکام نے دونوں اطراف سے شرکت کی۔ کسٹم تعاون، بارڈر مینجمنٹ، دو طرفہ تجارت، ٹیرف میں کمی اور فارماسیوٹیکل اور گوشت کی صنعت سے متعلق امور سمیت مختلف اہم پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ دونوں اطراف نے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ وزراء نے تجارت کو آسان بنانے اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے ہموار کسٹم کے عمل اور موثر بارڈر مینجمنٹ کی اہمیت پر زور دیا۔ شرکاء نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے اور تجارتی سامان کی رینج کو بڑھانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزراء نے روایتی اشیاء سے ہٹ کر تجارت کو متنوع بنانے اور اقتصادی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ مزید برآں، تجارتی بہاؤ کو آسان بنانے کے لیے انفراسٹرکچر اور کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے پر بات چیت کی گئی۔ حکام نے نقل و حمل اور لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے ممکنہ فوائد کو اجاگر کیا، جو تجارتی سرگرمیوں اور اقتصادی ترقی میں اضافے میں معاون ثابت ہوں گے۔