پی ٹی آئی رہنماؤں کی مخدوم احمد محمود سے ملاقات، ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت
لاہور (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے مخدوم ہائوس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر، سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود سے ملاقات کی اور پاکستان پیپلز پارٹی میں اپنے ساتھیوں سمیت شمولیت کا باقائدہ اعلان کیا ہے۔ تحریک انصاف چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں سابق رکن پنجاب اسمبلی مخدوم سید محمد قائم علی شمسی، ٹکٹ ہولڈر قومی اسمبلی ملک عبدالغفور آرائیں، سابق ضلع نائب ناظم مظفرگڑھ سید علی رضا شاہ شمسی، یونین کونسل کے سید امداد حسین شاہ شمسی، مخدومزادہ سید محمد منصور علی شاہ، سید مدثر عباس شمسی، سابق صدر مسلم لیگ ن تحصیل علی پور ڈاکٹر رانا محمد ارشد، سابق رکن پنجاب اسمبلی حلقہ پی پی 209 سید جمیل شاہ بخاری اپنے دیگر ساتھیوں سمیت شامل تھے۔ مخدوم سید احمد محمود سے ملاقات کے موقع پر شمولیت اختیار کرنے والے رہنمائوں نے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ ملک و قوم کے وسیع تر مفادات اور جمہوریت اور جمہوری اداروں کی خود مختاری کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری قیادت جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔ پارٹی صوبائی صدر مخدوم سید احمد محمود نے شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہا ہے۔