پاکستان میں86 لاکھ افراد کو خوراک کے سنگین بحران کا سامنا کرنا پڑا ،اقوامِ متحدہ
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)اقوامِ متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی آخری سہ ماہی میں پاکستان کے تین صوبوں کے دیہی اضلاع میں86 لاکھ افراد کو خوراک کے سنگین بحران کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ مون سون کے بدترین سیلاب نے ملک کو متاثر کردیا تھا۔رپورٹ کے مطابق افراد میں سندھ کے 9 اضلاع کے 52 لاکھ افراد، خیبرپختونخوا کے 7 اضلاع کے 18 لاکھ جبکہ بلوچستان کے 12 اضلاع کے 16 لاکھ افراد شامل تھے۔اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کی جانب سے خوراک کے بحران پر جاری کردہ تازہ ترین عالمی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ 58 ممالک میں تقریباً 25 کروڑ 80 لاکھ افراد کو بحران کی سطح پر شدید بھوک کا سامنا ہے۔اس کے علاوہ دنیا کے 7 ممالک میں لوگوں کو ممکنہ فاقوں کا سامنا ہے جس میں صومالیہ، جنوبی سوڈان، یمن، افغانستان، نائیجیریا، ہیٹی اور برکینا فاسو شامل ہیں۔