تاریخ تبدیل: تحریک لبیک کا پاکستان بچاؤ مارچ 22 مئی کو ہو گا
لاہور (این این آئی) امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی کی زیر صدارت مرکزی مجلس شوریٰ کا انتہائی اہم اجلاس مرکزی دفتر میں ہوا۔ لانگ مارچ کی تاریخ اور روٹ تبدیل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ شوریٰ کے اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیاکہ تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی کی قیادت میں 22 مئی بروز پیر صبح گیارہ بجے کراچی تا اسلام آباد ایک عظیم الشان پاکستان بچاؤ مارچ کرے گی۔ سعد حسین رضوی نے کہا کہ اس ریاست میں انگریز کے گماشتوں نے غریب لوگوں کا جینا محال اور زندگی کو تنگ کر دیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کے اضافے کے خلاف اپنے حال اور مستقبل کے تحفظ کے لیے تحریک لبیک پاکستان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وطن اور ریاست ہمارے بڑوں نے دین اسلام کے لیے حاصل کیا تھا۔ دین اسلام ہی اس کی خوشحالی کا ضامن ہے۔ قوم سے اپیل کی کہ وہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، لاقانونیت اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اضافے کے خلاف تحریک لبیک پاکستان کا ساتھ دے کر اپنا قومی و ملی فریضہ سر انجام دے۔