• news

آمدن سے زائد اثاثوں کا معاملہ‘ عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 13 مئی تک توسیع

لاہور (خبر نگار) احتساب عدالت لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری کے معاملے میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 13 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ احتساب عدالت میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی۔ اس  دوران عثمان بزدار کے وکیل نے کوریئرکا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے کہا کہ درخواست کا جلد فیصلہ کرنا ہے لہٰذا دونوں فریقین قانون کے مطابق کام کریں۔ عدالت نے عثمان بزدار کو 10 مئی کو نیب آفس پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 13مئی تک توسیع کر دی۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے عثمان بزدار کی سیاسی بنیادوں پر مقدمہ پر حفاظتی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔ عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو گرفتار نہ کرنے کے حکم میں 8 مئی تک توسیع کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن