جعلی آوازیں انٹرنیٹ پر دھوکہ دہی میں اضافہ کر رہی ہیں: ماہرین
لندن (نیٹ نیوز) ماہرین نے خبردار کیا ہے جعلساز مصنوعی ذہانت کی مدد سے اپنے شکار کی سوشل میڈیا پروفائل سے آواز چرا کر صرف تین سیکنڈ کے ٹکڑے سے دھوکے کے لیے اس کی نقل بنا سکتے ہیں۔ اس نقلی آواز کو استعمال کرتے ہوئے جعلساز اپنے شکار کے دوست یا کسی رشتے دار کو فون کرتے ہیں اور یہ باور کراتے ہیں کہ وہ کسی مشکل میں ہیں اور فوری پیسوں کی ضرورت ہے۔ سائبر سکیورٹی اسپیشلسٹ میکافی کے مطابق برطانیہ میں ہر چار میں سے ایک شخص خود یا اس کا کوئی جاننے والا اس قسم کی جعلسازی کا شکار بن چکا ہے۔ یہ نقلی آواز اصل سے اتنی قریب ہوتی ہے کے اکثریت اس جھانسے میں آ کر اپنے پیسے گنوا بیٹھتی ہے۔