نئی دہلی ‘ دلہن لینے گئے دولہا نے دلہن کی بہن سے شادی رچا لی
نئی دہلی(آئی این پی) کسی دولہا کی بارات دلہن کے گھر پہنچ چکی ہو اور دونوں خاندانوں کو پتا چلے کہ دولہا اپنی دلہن کی بہن سے محبت کرتا ہے تو کیا ہنگامہ برپا ہو؟ گزشتہ دنوں یہی صورتحال بھارت میں دیکھنے کو ملی تاہم پولیس کی مداخلت نے اس ہنگامے کو ایک خوشگوار اختتام سے ہمکنار کر دیا۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق ریاست بہار کے شہر چھپرا کے رہائشی راجیش کمار کی شادی بہار ہی کے شہر سرن کی رہائشی رنکو کماری کے ساتھ طے پائی تھی۔تاہم راجیش کمار اور رنکو کماری کی بہن پتل کماری ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے۔جب راجیش اور رنکو کی شادی طے پا گئی تو راجیش اور پتل کماری خاموش ہو گئے مگر گزشتہ دنوں جب شادی کا دن آ پہنچا اور راجیش بارات لے کر سرن آ رہا تھا، پتل کماری نے اسے کال کرکے دھمکی دے ڈالی کہ اگر وہ بارات لے کر آیا اور اس کی بہن سے شادی کی تو وہ ایک بلند عمارت سے کود کر خودکشی کر لے گی۔