فلاحی تنظیمیں بے وسیلہ‘ نادار افراد کی تعلیم و تربیت کیلئے ادارے قائم کریں : سی سی پی او
لاہور (نامہ نگار)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ووشو کنگفو ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔طلبہ نے ووشو کنگفو میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے شائقین سے خوب داد وصول کی۔ بلال صدیق کمیانہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاندار تقریب کے انعقاد پر سکول انتظامیہ کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔ معاشرے کے نظرانداز شدہ بچوں کی تعلیم و تربیت کا عمل قابل ستائش اور سماجی ذمہ داری کا مظہر ہے۔ فلاحی تنظیموں کو بے وسیلہ اور نادار افراد کی تعلیم و تربیت کیلئے ایسے ادارے قائم کرنا چاہئیں۔ غریب اور پسماندہ افراد کی تعلیم و تربیت ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ بچوں کی تعلیم و تربیت کےساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں میں شرکت انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے میں اہم کردارادا کرتی ہیں۔ معیاری ٰ تعلیم کےساتھ ساتھ کھیلوں کے ایونٹس کاانعقاد کر کے بچوں کو سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ طلبہ تعلیم کےساتھ ساتھ اپنی ذہنی و جسمانی ورزش کیلئے صحت مندانہ کھیلوں میں ضرور حصہ لیں، کھیلوں سے صلاحیتوں میں نکھار آتا ہے اوربچوں میں مثبت سرگرمیوں کا رجحان بچوں کی شخصیت کو نکھارنے کا سبب بنتا ہے۔ پروگرام کے آخرمیں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے بچوں میں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کئے گئے۔