کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے پیکج کا فیصلہ ، سرکاری ملازمین کی ترقی کیلئے سیل فعال : محسن نقوی
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب حکومت صوبے میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لئے سرگرم عمل ہوگئی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر صوبے میں کپاس کی کاشت کے رقبے کا ٹارگٹ 50لاکھ ایکڑ اور پیداوار کا ٹارگٹ 82 لاکھ گانٹھ مقرر کردیا گیا اور ہر ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کو کپاس کے زیر کاشت رقبے اور پیداوار کا ٹارگٹ حاصل کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا۔ کپاس کا زیر کاشت رقبہ اور پیداوار بڑھانے کے لئے کسانوں کو خصوصی مراعاتی پیکیج دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔ کاشتکارو ں کو زرعی مداخل اور آسان قرضے دینے کیلئے نگران وزیراعلیٰ نے پنجاب بینک سے تفصیلی پلان طلب کرلیا۔ کپاس کی کم ازکم امدادی قیمت 8500روپے مقرر کی گئی ہے۔ محسن نقوی نے کپاس کے سرٹیفائیڈ بیج کی دستیابی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرٹیفائیڈ بیج کے حصول کے لئے وفاقی حکومت سے بھی معاونت حاصل کی جائے گی۔ ناقص بیج اور جعلی پیسٹی سائیڈز بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لندن روانگی سے قبل خصوصی اجلاس میں محکمہ زراعت، انتظامیہ اور محکمہ اطلاعات کو کپاس کی کاشت کا رقبہ بڑھانے کیلئے بھرپور مہم چلانے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے حالیہ ٹویٹ میں بتایا ہے کہ پنجاب میں گریڈ ایک سے گریڈ 20 کے سرکاری ملازمین کے لئے پروموشن سے متعلقہ امور کے حل کے لئے اہم قدم اٹھایا۔ پنجاب حکومت کے ملازمین کے محکمانہ امور اور ترقی سے متعلق معاملات حل کرنے کیلئے وزیر اعلی آفس میں خصوصی سیل فعال کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلی نے سپیشل سیکرٹری محمد احمد فوکل پرسن مقرر کردیا ہے۔ ملازمین محکمانہ یا ترقیوں سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں بلا جھجھک وزیر اعلی آفس میں قائم خصوصی سیل سے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ خصوصی سیل کے فوکل پرسن وسپیشل سیکرٹری وزیر اعلی محمد احمد سے ان نمبرز 0324-4440226……042-99203268 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔