ارکان سلامتی کونسل جی 20 اجلاس میں شرکت نہ کریں: سراج الحق‘ فضل الرحمن سے ملاقات
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی، سراج الحق نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد ان کی رہائش گاہ پر مفتی عبد الشکور کی وفات پر دعا اور تعزیت کی۔ جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی شامل تھے۔ قبل ازیں سراج الحق نے جماعت اسلامی آزاد و جموں کشمیر کی شوریٰ میں شرکت کی۔ امیر جماعت نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کے5 مستقل رکن ممالک سرینگر میں مجوزہG20کانفرنس میں شرکت سے اجتناب کریں، بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور 5اگست2019ءکے غیر قانونی اقدامات کو جائز قرار دلانے کے لیے G20ممالک کا اجلاس سرینگر میں منعقد کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے۔ 23 کروڑ پاکستانی عوام کشمیریوں کی مبنی برحق جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خالد محمود خان نے سراج الحق کا شکریہ ادا کیا۔سراج الحق نے کہاکہ باہمی مذاکرات نہ کرنے کی پاداش میں ملک کو دولخت کیا گیا۔ اللہ نہ کرے آج پھر باہمی مذاکرات نہ کر کے حالات کو اسی طرف دھکیلنے والے ملک وقوم کے مفاد میں نہیں، جماعت اسلامی اقتدار میں آکر کشمیر کو آزاد اور پاکستان کو خوشحال بنائے گی۔ اسلام آباد میں بیٹھے حکمران ذاتی مفاد سے آگے جانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ کشمیریوں نے5لاکھ شہداءپیش کیے ہیں۔ جماعت اسلامی شہداءکے خون سے کسی کو بے وفائی نہیں کرنے دے گی۔ پاکستانی قوم جماعت اسلامی پر اعتماد کرے، جماعت اسلامی نریندر مودی کے پنجہ استبداد سے کشمیر آزاد کرائے گی۔