سیاسی جماعتوں کو قوم اور چین کی آواز سننی چاہئے :مولانا امجد خان
لاہور ( خصوصی نامہ نگار)تمام سیاسی جماعتوں کو قوم اور چین کی آواز سننی چاہئے اور ملک میں ہر سطح پر استحکام کیلئے بھر پور کوشش کرنی چاہئے۔ ملک میں معاشی حالات کی بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے اس کیلئے سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔چائنہ کے بیان کے بعد ہر جماعت کو اپنی پالیسی پر غور کرکے ملک وقوم کے مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کرنے چاہئیں۔ قوم کو اس وقت انتخابات کی نہیں بلکہ 2 وقت کی روٹی کی فکر ہے۔یہ باتیں جے یوائی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے جے یوآئی لاہور کے نائب امیر حافظ اشرف گجر کے صاحبزادے حافظ بلال کے نکاح کی تقریب اور اپنی اقامت گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق مولانا رشید میاں،مولانا حافظ اشرف گجر، مفتی عبدالحفیظ،حافظ قاسم گجر،مولانا فاضل عثمانی،پروفیسر عبید الرحمن،مولانا فصیح الدین سیف مولانا عزیز الرحمن ثانی،پیر رضوان نفیس،قاری علیم الدین شاکر،خواجہ سلمان رفیق، چوہدری صدیق گجر،مولانا عبدالودود،مولانا مجیب الرحمن انقلابی،حافظ شاہد اسرارصدیقی ،حافظ بلال درانی اور دیگر موجود تھے۔مولانا امجد خان نے کہا کہ وطن عزیز نازک موڑ پر کھڑا ہے۔ ملک میں معاشی اور سیاسی حالات کی بہتری کیلئے ایک ٹیبل پر بیٹھ کر ذاتی نہیں بلکہ قوم و ملت کے مفاد میں فیصلے کرنے ہوں گے۔ قومی اسمبلی اور چاروں صوبوں اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی روز کروانے سے ملک ہرقسم کے بحرانوں سے آزاد ہوگااور ملک میں سیاسی استحکام پیدا ہوگا۔