آئی جی کادورہ کمپلینٹ سیل ‘شہریوںکی شکایات پر احکامات جاری
لاہور (نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے 1787 کمپلینٹ سنٹر، سنٹرل پولیس آفس کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے آن لائن شہریوں کی شکایات خود سنتے ہوئے ازالے بارے احکامات جاری کئے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی ایس پی سرگودھا روڈ فیصل آباد کو چیک ڈس آنر کیس میں شہری کی فوری دادرسی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہری کا مسئلہ حل کرنے اور انصاف کی فراہمی کیلئے بلاتاخیر اقدامات یقینی بنانے جائیں۔ ڈی آئی جی انٹرنل اکاونٹیبلٹی کو ہدایت کی کہ 1787 کمپلینٹ سنٹر پر تفتیش سے متعلقہ شکایات کی داد رسی کے لئے موثر میکانزم تشکیل دیا جائے اور تفتیش کے مختلف مراحل کے مطابق متعلقہ آر پی اوز، ڈی پی اوز دیگر افسران کی کیٹیگرائزیشن، میٹرکس بنائے جائیں۔ملزم کی گرفتاری، ریکوری، رشوت کی شکایات کے مطابق تفتیش کے عمل میں درپیش نقائص دور کئے جائیں اور شکایات کی نوعیت کا تعین کرکے داد رسی کےلئے متعلقہ افسران کو ذمہ داری تفویض کی جائے۔ کسی بے گناہ کو ہرگز گرفتار نہ کریں، گمشدہ اور اغوا شدہ خواتین اور بچوں کی بازیابی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ رشوت ستانی، ہتک آمیز رویوں پر غیر ذمہ دار افسران و اہلکاروں کا احتساب میں خود کروں گا۔ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز 1787 سے بھجوائی گئی شکایات کے ازالے کیلئے اپنی نگرانی میں بروقت اقدامات یقینی بنائیں۔