حکومت بجٹ میں کاروبار پر مزید ٹیکس عائد کرنے سے گریز کرے: اشرف بھٹی
لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت سے اپیل ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کاروبار پر مزید ٹیکسز عائد کرنے سے گریز کیا جائے۔ موجودہ حالات میں ایسے اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں جس سے معیشت میں تحرک پیدا ہو۔ حکومت صرف آئی ایم ایف کے پیچھے بھاگنے کی بجائے متبادل انتظامات کیلئے بھی سوچ بچار کرے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ سیاسی انتشار کی وجہ سے ہیجان کی کیفیت ہے۔ سیاسی پولرائزیشن کے منفی اثرات ہر شعبے پر نمایاں ہیں۔ سیاسی جماعتیں درجہ حرارت کو کم کریں اور معاملات کو مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر حل کریں۔ آئندہ مالی سال کا بجٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ نئے ٹیکسزلگانے کے حوالے سے جو اطلاعات آرہی ہیں اس پر تاجروں کو سخت تشویش ہے۔ درخواست ہے کہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت شروع کی جائے۔ معیشت میں حصہ ڈالنے والے تمام شعبوں کو اعتماد میں لیا جائے۔