• news

 اٹلی سے اطالوی پاکستانی تاجروں کا وفد آخری ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرےگا


لاہور(کامرس رپورٹر) اٹلی سے اطالوی اور پاکستانی تاجروں کا 10 رکنی وفد رواں ماہ کے آخری ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جا سکیں۔ یہ بات گزشتہ روز پاکستان کے اعزازی سرمایہ کاری قونصلر برائے اٹلی محمد شہریار خان نے پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے سی ای او میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ وفد 26 سے 28 مئی تک کراچی میں منعقد ہونے والے ٹیکسپو 2023 کے چوتھے ایڈیشن میں بھی شرکت کرے گا۔ وفد کے ارکان کو پاکستان کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل نمائش کی اہمیت اور اس میں شرکت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے محمد شہریار خان نے پاکستانی تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ اطالوی منڈیوں میں اپنی رسائی کو دوگنا کریں تاکہ ٹیکسٹائل، زراعت، آئی ٹی، خوراک اور ماربل سمیت تمام شعبوں میں پاکستان کی برآمدات کو بڑھایا جا سکے۔ تاجر برادری نے ٹیکسپو 2023 میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور شرکت کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پی ایف سی اطالوی وفد کا خیرمقدم کرے گی تاکہ ان کے دورے کو حقیقی معنوں میں کامیاب بنایا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن