پہلوان زمان انور جانی نے ر±ستم پاکستان کا ٹائٹل جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام اور پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے تعاون سے ہونیوالا رستم پاکستان دنگل گوجرانوالہ کے پہلوان زمان انور جانی نے جیت لیا۔ زمان انور جانی نے بہاولپور کے آصف پہلوان موچی کو پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دی،مقررہ 30منٹ میں کوئی پہلوان کامیابی حاصل نہ کرسکا جس کے بعد اوپن فائٹ میں زمان انور جانی نے کامیابی حاصل کرلی۔ مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے انعامات تقسیم کئے۔ دنگل جیتنے پر زمان انور جانی کو رستم پاکستان کا گرز اور10لاکھ روپے جبکہ دوسرے نمبر پر رہنے والے آصف پہلوان موچی کو 5لاکھ روپے،شہزاد پچار کو3لاکھ روپے کے انعامات دیئے گئے، پنجاب سٹیڈیم آمد پر ریسلنگ فیڈریشن کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل کو پنجاب کی روایتی پگ پہنائی گئی، ۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ دنگل پنجاب کا روایتی کھیل ہے جس کی مقبولیت کا اندازہ پنجاب سٹیڈیم میں موجود شائقین کی بڑی تعداد دیکھ کر لگایا جاسکتا ہے،ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے صدر پاکستان ریسلنگ فیڈریشن مبین گجر، سینئر نائب صدر پاکستان ریسلنگ فیڈریشن ارشد ستار کو سوینئر دیئے،سینئر نائب صدر پاکستان ریسلنگ فیڈریشن ارشد ستار نے ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل اور ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن کو سوینئر پیش کئے۔