توہین پارلیمنٹ بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائیگا، قید و جرمانے کی سزائیں تجویز
اسلام آباد (نیٹ نیوز) توہین پارلیمنٹ کا بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، بل میں قید و جرمانے کی سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کی توہین پر کسی بھی حکومتی یا ریاستی عہدیدار کو طلب کیا جا سکے گا، مجوزہ بل چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق رانا قاسم نون نے تیار کیا ہے۔رانا قاسم نون پرائیویٹ ممبر کے طور پر بل ایوان میں پیش کریں گے، مجوزہ بل میں سینٹ اور قومی اسمبلی کے لئے توہین پارلیمنٹ کا قانون تجویز کیا گیا ہے۔24 رکنی پارلیمانی کنٹیمپٹ کمیٹی توہین پارلیمنٹ کیسز کی تحقیقات کرے گی، کمیٹی میں اپوزیشن اور حکومت کے 50، 50 فیصد ارکان کو شامل کیا جائے گا۔کنٹیمپٹ کمیٹی شکایات کی رپورٹ پر سپیکر یا چیئرمین سینٹ کو سزا تجویز کرے گی، سپیکر یا چیئرمین سینٹ متعلقہ فرد پر سزا کے تعین کا اعلان کرسکیں گے۔توہین پارلیمنٹ کا مسودہ پنجاب، خیبر پی کے، سندھ میں رائج قوانین کی روشنی تیار کیا گیا ہے، توہین پارلیمنٹ بل میں 6 ماہ قید اور بھاری جرمانے کی سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔