• news

پیر منور جماعتی کے چچا زاد پیر اشتیاق حسین شاہ انتقال کرگئے، علماء و مشائخ کا اظہار تعزیت

لاہور؍ نارووال (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) حضرت امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوریؒ کے خاندان کے چشم و چراغ پیر سید اشتیاق حسین شاہ طویل علالت کے بعد رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ آپ پیر سید نذر حسین شاہ جماعتی کے صاحبزادے اور پیر سید منظر حسین شاہ جماعتی کے چھوٹے بھائی تھے۔  ان کی نماز جنازہ  حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے پڑھائی جس میں ملک کے طول و عرض سے لاکھوں کی تعداد میں مریدین، اور دوست احباب نے شرکت کی۔ مرحوم کو مزار پرانوار حضرت امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہؒ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ آپ نے سوگواران میں دو صاحبزادے بھی شامل ہیں۔ مرحوم پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کے چچا زاد بھائی بھی تھے۔ نماز جنازہ کے بعد بات چیت کرتے ہوئے سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ پیر سید اشتیاق حسین شاہ جماعتی انتہائی شریف النفس اور شائستہ طبیعت کے مالک تھے‘ آپ کی رحلت ہم سب کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ان کے ایصال ثواب کیلئے رسم قل 10مئی بعد نماز ظہر جامع مسجد نور ملحقہ آستانہ عالیہ علی پور سیداں شریف پر ادا کی جائے گی۔ دریں اثناء پاکستان مشائخ و علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین پیر سید سعادت علی شاہ گیلانی ،پیر سید حسنین فاروق شاہ نقشبندی مجددی،  پیر حافظ محمد اشرف نقشبندی ، ایس اے حکیم القادری ،پیر صوفی مظہر حسین نقشبندی ، چوہدری اسد محمود، سجادہ نشین حضرت سخی سلطان باہوؒ پیر خالد سلطان سروری قادری، پیر سید محفوظ الحسنین شیرازی علی پورسیداں شریف ،سجادہ نشین حضرت میراں حسین شاہ زنجانی پیر سید محمد افضال حسین شاہ زنجانی  نے پیرسید اشتیاق حسین شاہ جماعتی کی ناگہانی وفات پر گہرئے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن