ایون فیلڈ سازشوں کا گڑھ، آئین پر عمل نہ ہوا تو انارکی پھیل جائے گی: پرویز الٰہی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی سے سپیکر خیبر پی کے اسمبلی مشتاق غنی نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت آئندہ لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر آئین پر عملدرآمد نہ ہوا تو ہر طرف انارکی پھیل جائے گی۔ اس وقت ملک کی 70 فیصد آبادی کو ان کے آئینی، قانونی اور منتخب حکومتوں کے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ملکی حالات اس نہج پر پہنچ چکے کہ اب شہباز شریف حکومت اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا ایون فیلڈ لندن آج کل سپریم کورٹ کے مخالف سازشوں کا گڑھ بن چکا ہے۔ تاج پوشی کی رسم تو ختم ہو چکی اب شہباز شریف وہاں کیا کر رہے ہیں۔ نواز شریف کی لندن بیٹھ کر سپریم کورٹ کے خلاف سرگرمیاں پاکستانی کمیونٹی کیلئے شرمندگی کا باعث بن رہی ہیں۔ محسن نقوی کا آٹا سکینڈل میں اپنی انکوائری خود کرانے کا اعلان مضحکہ خیز ہے۔