پی پی دھاندلی پارٹی، پولنگ سٹیشنوں پر غنڈے بلائے گئے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سر اج الحق نے کہا ہے کہ کراچی بلدیاتی ضمنی انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی نے بدترین دھاندلی کرکے ثابت کیا کہ سندھ کی حکمران جماعت دھاندلی پارٹی ہے جس کا جمہوریت اور جمہوری اقدار سے کوئی لینا دینا نہیں۔ اتوار کو ووٹنگ کے دوران سندھ حکومت کی جانب سے تمام اخلاقی و قانونی حدود کی پامالی کی گئی، پولنگ سٹیشنوں پر کراچی سے باہر کے غنڈوں کو لایا گیا اور بیلٹ باکسسز کو جادو کے ڈبوں میں تبدیل کردیا گیا، پولنگ عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج میں ردو بدل کی گئی، فارم میں نتائج کچھ اور بعد میں اعلانات ان کے برعکس کئے گئے۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں پر تشددکیا گیا اور انہیں بدترین دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا اور پولنگ عمل کے دوران اور بعد میں دہشت گردانہ حربے استعمال کیے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شر پسند عناصر کیخلاف تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، غنڈہ گردی میں ملوث افراد کو گرفتار نہ کرنا قابل مذمت ہے۔ منصورہ سے جاری بیان میں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ دھاندلی، لابنگ اور خریدوفروخت کے ذریعے اقتدار میں آنے کی کوشش کرتی ہے، لوگوں کی رائے کو قبول کرنا اس کی سرشت میں نہیں، کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو مینڈیٹ دیا جس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ کراچی کی رائے کے تحفظ کو ہرحال میں یقینی بنایا جائے گا۔ بعد ازاں منصورہ میں قائدین کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ قومی انتخابات ہیں۔ محمد اصغر، اظہر اقبال حسن، قیصر شریف، محمد جاوید قصوری اور شمس الدین امجد نے شرکت کی۔