گاڑیوں کی عارضی درآمد کے حوالے سے قواعد میں مزید ترمیم کا ایس آر او جاری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے گاڑیوں کی عارضی درآمد کے حوالے سے قواعد میں مزید ترمیم کا ایس آر او 2023 جاری کر دیا۔غیر ملکیوں اور تارکین وطن پاکستانیوں کی جانب سے گاڑیوں کی عارضی درآمد کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے 8 مئی 2023 کو SRO 533(1)/2023 جاری کیا ہے جس میں کسٹمز رولز 2001 کے تحت گاڑیوں کی عارضی درامد کے قواعد و ضوابط میں مزید ترامیم کی گئی ہیں۔ نئے قوانین میں ’’سیاح‘‘ کی تعریف کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے اور مزید نئی دفعات کے تحت فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی اور پاکستا ن کسٹمز کے کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے گاڑیوں کی عارضی درآمد سے متعلق معلومات کی سختی سے نگرانی کرنے کو یقینی بنایا گیا ہے۔ سیاحوں کے پاسپورٹ کو کارنے کی دستاویزات کے ساتھ منسلک کیا جائے گا تاکہ اس سہولت کے تحت درآمد کی جانے والی گاڑیوں کی صحیح طور پر جانچ پڑتال کی جا سکے۔