فرخ حبیب‘ علی نواز دیگر کی ضمانتیں منظور‘ عمران کے بھانجے احمد نیازی کی خارج
اسلام آباد‘ لاہور (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سکندر خان نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج مقدمہ میں تحریک انصاف کے رہنماؤں علی نواز اعوان، عامر مغل اور راجہ خرم کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔ درخواست گزار وکیل نے استدعاکی کہ 5 ہزار روپے مچلکوں پر ضمانت منظور کر لیں، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ ڈالر کا ریٹ دیکھیں! اب 5ہزار روپے مچلکوں کے زمانے چلے گئے، عمران خان کی حکومت میں 5 ہزار روپے مچلکوں پر ضمانتیں منظور ہوتی تھیں، جس پر وکیل نے کہاکہ پی ٹی آئی رہنما مقامی فنڈنگ پر چل رہے ہیں، اس پر عدالت کے جج نے ریمارکس دئیے کہ میں نے کون سا کہا ہے کہ آپ لوگ فارن فنڈنگ پر چل رہے ہیں۔ عدالت نے علی نواز اعوان، راجہ خرم اور عامر مغل کی پچاس پچاس ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظورکرتے ہوئے جواب کیلئے نوٹسز جاری کر دئیے اور سماعت12 مئی تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔ دوسری جانب لاہور کی عدالت نے عمران خان کے بھانجے احمد خان نیازی کی عبوری ضمانت مسترد جبکہ پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے عدم پیروی کی بنیاد پر احمد خان نیازی کی ضمانت خارج کی۔ ایڈیشنل سیشن جج ندیم حسن وسیر نے سماعت کی۔ یاد رہے کہ تھانہ ریس کورس پولیس نے عمران خان کے بھانجے کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ دوسری جانب عمران کی جوڈیشل کمپلیکس پیشی کے موقع پر فرخ حبیب پر درج ایف آئی آر میں 16 مئی تک عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔