گجرات: پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے‘ 55 کارکن گرفتار
گجرات (نامہ نگار ) پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے، 15 تھانوں کی پولیس چھاپوں کے دوران کارکنان کے گھروں کے دروازے توڑتی رہی۔55کے لگ بھگ کارکنان حراست میں لے کر نامعلوم مقامات پر منتقل کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے12مئی بروز جمعتہ المبارک گجرات کے علاقہ لالہ موسیٰ میں ہونے والے جلسے کو ناکام بنانے اور تحریک انصاف کے کارکنوں کو ہراساں کرنے کی ذمہ داری پنجاب پولیس نے سنبھالتے ہوئے گجرات، کڑیانوالہ، دیونہ منڈی، ریلوے روڈ، شادمان کالونی سمیت متعدد علاقوں میں پارٹی کارکنوں کی رہائش گاہوں پر اچانک چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔ پولیس کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب و صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الٰہی کے سابق مشیر ان کی رہائشگاہوں پر بھی ریڈ کیے گئے جس پر سابق ایم پی اے و ضلعی صدر تحریک انصاف چوہدری سلیم سرور جوڑا نے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے جلسوں کو ناکام بنانے کیلئے کارکنوں کو ہراساں کیا جا رہے قوم کی محافظ بننے کی بجائے پولیس گردی شروع کر رکھی ہے۔ دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج گجرات عرفان سعید کے حکم پر بیلف نے تھانہ صدر گجرات کے عقوبت خانہ پر چھاپہ مار کر دو پی ٹی آئی رہنمائوں مرزا سلیم بیگ ، ملک فیصل کو بازیاب کر وا ا عدالت پیش کر دیا۔