کچہ آپریشن: سنگین جرائم، پولیس پر حملوں کیلئے اسلحہ، بارود دینے والا اہم ملزم گرفتار
لاہور (نامہ نگار)کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کچہ کے علاقہ میں جاری آپریشن کے دوران جرائم پیشہ عناصر کو اسلحہ فراہم کرنے والے نیٹ ورک کے اہم رکن عبدالخالق کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاعات پر سی ٹی ڈی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ روز سنگین جرائم اور پولیس پر فائرنگ کے لیے اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کرنے والے نیٹ ورک کو توڑتے ہوئے کچہ کے علاقے میں 2 بڑے متحرک کریمنل گینگز لنڈ اور دولانی کو اسلحہ سپلائی کرنے والا کیریئر گرفتار کرلیا۔ جدید اسلحہ اور بارود کی فراہمی رکنی بلوچستان سے کی جارہی ہے۔ دو راکٹ لانچر بھی برآمد کیے گئے جبکہ دوران تفتیش اسلحہ اور گولہ بارود کی سپلائی کے حوالے سے ملزم نے لرزہ خیز انکشافات بھی کئے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اسلحہ و بارود لینے کے لیے لنڈ اور دولانی گینگز نے شرپسند رمضان بگٹی اور ستار پتافی کو بھرتی کیا۔ ستار پتافی کے بھائی جاوید پتافی نے بلوچستان کے بڑے سمگلر خان مسوری بگٹی سے ڈیل کروائی اور خان مسوری بگٹی سے راکٹ لانچرز اور پروپیلرز خریدے گئے۔ راکٹ لانچرز اور پروپیلرز رکنی سے حاجی پور اور راجن پور تک لائے گئے اور موٹر سائیکل کے ذریعے لانچرز اور پروپیلرز کو دو مقامی کیریئرز کی مدد سے منتقل کیا گیا۔ اسلحہ و بارود کی رقم ایزی پیسہ اکاؤنٹس سے منتقل کی گئی۔ عبدالخالق سے مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر کردار جلد گرفتار کرلیں گے۔