سانحہ داتا دربار :ڈاکٹر عثمان انور ،بلال صدیق کمیانہ کا شہدا کو خراج عقیدت
لاہور (نامہ نگار)سانحہ داتا دربارکی چوتھی برسی کے موقع پر پولیس شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ سانحہ داتا دربار میں ایلیٹ فورس کے ہیڈ کانسٹیبل محمد سہیل، گلزار علی اور شاہد نذیر نے جام شہادت نوش کیا۔ کانسٹیبل محمد سلیم اور محمد صدام نے بھی فرض کی راہ میں جانیں قربان کیں۔ ان جوانوں کی لازوال خدمات اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ سانحہ داتا دربار کے شہداءکی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں میں تازہ رہیں گی۔ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے اہلکار محکمہ پولیس کی شان ہیں۔ زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ یاد رہے 8 مئی 2019 کو داتا دربار پر ہونیوالے خودکش حملے میں پولیس کے 5 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے24 ویں نیشنل گیمز کوئٹہ میں حصہ لینے والے پولیس دستے میں شامل کھلاڑیوں سے ملاقات کی اورکھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے بہترین نتائج کیلئے بھرپور محنت سے پریکٹس جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ 22 سے 30 مئی تک منعقدہ قومی کھیلوں میں پولیس کے اتھلیٹکس، باڈی بلڈنگ، باکسنگ، جوڈو کراٹے، تائیکوانڈو اور ہاکی سمیت دیگر کھیلوں میں پولیس کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے جیت کی لگن پیدا کریں اور ملک و قوم اور محکمہ کا نام روشن کرنے کیلئے پوری محنت سے کھیلیں۔