عمران کی گرفتاری‘ نواز‘ شہباز شریف‘ رانا ثناء کی ہدایات کے بغیر نہیں ہو سکتی: پرویز الٰہی
لاہور (نیوز رپورٹر) مرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویزالہٰی نے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان عدالت میں ضمانت کیلئے پیش ہو چکے تھے۔ ان کو گرفتار کرنا قانون کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے۔ بیان میں کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ ثابت ہوگیا ہے کہ ملک فسطائیت کا شکار ہو چکا ہے۔ یہاں پر آئین و قانون کی عملداری نہیں ہے۔ گرفتاری غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام ہے۔ عمران خان کے ہمراہ وکیلوں کو بری طرح مارا پیٹا گیا۔ ان کی گرفتاری نواز شریف اور شہباز شریف اور ان کے پٹھو رانا ثناء اﷲ کی ہدایات کے بغیر نہیں ہو سکتی۔ عمران خان کے خلاف جو لوگ یہ سب کچھ کر رہے ہیں ان کو سمجھ لینا چاہئے کہ اب قوم عمران خان کے ساتھ ہے‘ نوجوان‘ خواتین‘ طلباء و طالبات‘ سول سوسائٹی اور تمام محب وطن پاکستانی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عمران خان کے خلاف کارروائی کرنے والوں کا سیاسی مستقبل خراب ہو جائے گا اور ان کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ کوئی بھی عمران خان کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتا۔ عدلیہ پر بڑی بھاری ذمہ داری آن پڑی ہے۔ اب عدلیہ کا امتحان ہے‘ وکلاء کا امتحان ہے‘ اب کالا کوٹ انقلاب لے کر آئے گا۔