عمران کیخلاف آرٹیکل 6کی کارروائی کیلئے درخواست ، بلوچستان ہائیکورٹ نے 29مئی کو جواب مانگ لیا
کوئٹہ (بیورو رپورٹ ) بلوچستان ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف آئین شکنی و سنگین غداری کے کیس میں کارروائی شروع کرنے کی استدعا پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔ عمران کیخلاف آئین شکنی و سنگین غداری کے کیس میں ہائی کورٹ میں آئینی درخواست کی ابتدائی سماعت چیف جسٹس ہائی کورٹ نعیم اختر افغان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی شروع کرنے کی استدعا پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29 مئی کو جواب طلب کرلیا۔ سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر نے آئین شکنی و سنگین غداری کیس کے حوالے سے درخواست دائر کی تھی، درخواست میں 3 اپریل کو سابق وزیراعظم کی طرف سے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست گزار کی پیروی میں سابق صدر سپریم کورٹ بار امان اللہ کنرانی عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل کی جانب سے سپریم کورٹ کے ماضی میں سنگین غداری سے متعلق و حالیہ فیصلوں کی روشنی میں حکومت کو ہدایات جاری کرنے کی استدعا کی گئی۔ درخواست میں حکومت پاکستان کو سیکرٹری قومی اسمبلی و سیکرٹری قانون و انصاف کے ذریعے فریق بنایا گیا۔ امان اللہ کنرانی کے مطابق عدالت نے اٹارنی جنرل کو بھی کیس میں معاونت کے لیے نوٹس جاری کردیا ہے۔