فیصل آباد: پی ٹی آئی کا رانا ثنا کے گھر پر پتھراؤ
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پی ٹی آئی کے درجن بھر نوجوانوں نے رانا ثناء اللہ کے گھر پر پتھرائو کیا جبکہ مٹھی بھر وکلاء نے ضلع کونسل چوک میں احتجاج کیا لیکن پی ٹی آئی رہنمائوں کی بڑی تعداد نظر ہی نہ آئی۔ اسلام آباد میں عمران خان کی گرفتاری کی خبر سامنے آتے ہی فیصل آباد میں احتجاج کیلئے بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا مہم شروع ہو گئی۔ ضلع کونسل چوک میں وکلاء کی ایک جماعت نے احتجاج کیا تو علی افضل ساہی، ندیم سندھو، لطیف نذیر نے وہاں پہنچ کر اپنی حاضری لگوا لی۔ نوجوانوں کے ایک گروپ نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی سمن آباد میں رہائش گاہ پر پتھرائو کیا۔ تاہم پولیس کی نفری پہنچنے پر نوجوان منتشر ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز کے آفس پر دھاوا بولنے والے پی ٹی آئی کارکن سکیورٹی اہلکاروں پر پتھرائو بھی کرتے رہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے ایک حساس ادارے کے دفتر پر بھی دھاوا بولا، گیٹ توڑ کر توڑ پھوڑ اور دھینگا مشتی کی۔ جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کرکے انہیں منشتر کیا۔ شہر میں متعدد مارکیٹس کو پی ٹی آئی کارکنوں کی طرف سے زبردستی بند کروانے کی بھی اطلاعات ہیں ۔ شہر میں آنے اور جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ بند ہوگئی۔