• news

مہنگائی: جماعت اسلامی کا تحریک کا اعلان، لاہور میں 21مئی کو ریلیاں

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مہنگائی کے طوفان کے خلاف لاہور کے گلیوں، محلوں سے احتجاجی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ میں بنیادی ضروریات زندگی، بجلی، گیس، اشیائے خورونوش پر سبسڈی بحال کی جائے۔ پٹرول کی فی لٹر قیمت میں سو روپے، ادویات کے ریٹس میں پچاس فیصد کمی کی جائے۔ سول ملٹری بیوروکریسی کے ریٹائرڈ افسروں کی بجائے خالی آسامیوں پر بے روزگار پی ایچ ڈی سکالرز اور دیگر ڈگری ہولڈرز نوجوانوں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے اور گیس، بجلی میٹروں کے کرائے ختم کیے جائیں۔ حکمران غیر ترقیاتی اخراجات اور فوج ظفر موج کے ہمراہ غیر ملکی دورے اور عیاشیاں بند کریں۔ بیوروکریسی اور حکومتی اہلکاروں کے لیے مفت بجلی، گیس، پٹرول کی سہولیات ختم کی جائیں اور بیرون ملک سے دولت واپس لائی جائے۔ مطالبات تسلیم نہ ہوئے اور حکومت نے آئی ایم ایف کے احکامات کی بجا آوری میں غریبوں کا گلہ گھونٹنا جاری رکھا تو جماعت اسلامی احتجاجی تحریک کے حتمی مرحلے پر اسلام آباد کا رخ کرے گی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائے گی۔ ملک میں جاری سیاسی و آئینی بحران سے معیشت تباہ ہو چکی ہے۔ لوگوں کے لیے بچوں کا پیٹ پالنا، انہیں سکول بھیجنا اور بجلی گیس کے بل جمع کروانا ناممکن ہوگیا۔ روٹی، نان کی قیمت تیس روپے ہوگئی۔ روزانہ بجٹ آتا ہے، پریشانی، مایوسی اور حالات کی تنگی سے لوگوں کے چہرے زرد ہوئے پڑے ہیں۔ لاہور میں 21 مئی اور پشاور میں 24 مئی کو احتجاجی ریلیاں ہوں گی۔ باقی شہروں میں احتجاج کا تفصیلی شیڈول آئندہ چند دنوں میں جاری کر دیا جائے گا۔ منصورہ میں سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر اور امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے 7 مئی کو کراچی بلدیاتی ضمنی انتخابات کے دوران سندھ حکومت کی جانب سے دھاندلی، غنڈہ گردی، جماعت اسلامی کے کارکنان پر تشدد، سرکاری مشینری اور انتظامیہ کا استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ کراچی کے شہریوں کے مینڈیٹ جو انہوں جماعت اسلا می کو دیا ہے کا ہر حال میں تحفظ کیا جائے گا۔ کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور ان کی ٹیم کو مبارکباد اور شاباش دیتا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن